پنجاب میں دہشت گردی کا خطرہ، ضمنی الیکشن کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے پریشان کن تجویز دے دی


اسلام آباد(وقائع نگار)چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ صوبے میں دہشتگردی کا شدید خطرہ ہے ،قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک دن کرائے جائیں ، ایسا نہ کیاگیا تو انتخابی اخراجات دگنا ہو جائیں گے۔

”پاکستان ٹائم “ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے ،اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر حکام نے شرکت کی،چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب بھی شریک ہوئے،اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب نے الیکشن کمیشن کو انتظامی و سکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابات ایک ہی دن کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے الگ الگ دن ضمنی انتخابات سے اخراجات ڈبل ہوجائیں گے جبکہ سکیورٹی کی فراہمی بھی مشکل ہوگی، صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے 42 ارب درکار ہوں گے جبکہ صوبائی حکومت کو مالی خسارے کا بھی سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں انتظامی افسران قیمتیں کنٹرول کرنے میں لگے ہوتے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مساجد اور محافل کی سیکیورٹی پر مامور ہوتے ہیں،دوسری طرف مارچ میں افسران اور سیکیورٹی اہلکار مردم شماری میں مصروف ہوں گے۔سلطان سکندر راجا نے کہاہے کہ انتخابات کے دوران غیرجانبدار افسران کی تعیناتی ضروری ہے ، صوبائی حکومت آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے ، آئین و قانون اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں