وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا خیبرپختونخوا میں الیکشن سے پہلے احتساب کا مطالبہ


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے خیبرپختونخوا میں الیکشن سے پہلے احتساب کا مطالبہ کردیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )حکومت میں وزراءنے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ہے ،صوبے میں انتخابات سے قبل شفاف احتساب ضروری ہے تاکہ برائے نام انقلابیوں کے اصل چہرے بے نقاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزراءسے کرپشن کا پیسہ واپس لیا جائے تو ملک کے مالی مسائل حل ہوں گے اور قومی خزانے بھر جائیں گے، غریبوں کے نام پر شروع کی گئی پروگراموں میں عوام کا پیسہ دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ سبز انقلاب سے صوبہ خیبرپختونخوا میں تو نہیں مگر زراعت کے وزیر اور افسران کے گھروں میں ہریالی آئی کیونکہ وزراء، محکمہ زراعت کے ڈی جیز اور دیگر افسران نے مرغی، بکرے، انڈوں اور بیجوں میں کمیشن حاصل کیے۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ زراعت میں بھرتیاں بھاری رشوت پر کی گئیں اور قبائلی و صوبے کے دیگر اضلاع کے فنڈز، حقوق و نوکریاں سوات میں تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والے اور عوام کا پیسہ ہڑپ کرنے والے کسی رحم کے مستحق نہیں ، ان کا بے رحم احتساب کیا جائے، پچھلے دس سالوں میں پی ٹی آئی نے صرف خیبرپختونخوا میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا تھا اور اب انکو حساب دینا پڑیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں