ایبٹ آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور میاں نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر)محمد صفدر نے اپنے سسراورسابق وزیر اعظم کے ”ووٹ کو عزت دو “ کے بیانئے اور اپنی اہلیہ مریم نواز شریف کے وزیراعظم بننے کے سوالوں پر ایسا جواب دیا ہے کہ ن لیگی ورکرز اور قیادت کے لئے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کیپٹن محمد صفدر نے اپنی اہلیہ اور مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائز مریم نواز شریف کے سیاسی مستقبل پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ وہ (مریم نواز)وزیراعظم بنیں گی ، ہمارے اندر بھی کچھ لوگ ہیں جو تنظیم سازی میں پھنس گئے ہیں، گند ہر طرف ہے، سیاست کا مقابلہ سیاست سے کرنا چاہئے، ہرایک کی زندگی میں کمی بیشی ہوتی ہے،مجھے عمران خان کی ذاتی زندگی پر بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔۔کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے سسر میاں نواز شریف کے ”ووٹ کو عزت دو “ کے بیانئے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا کہ ”ووٹ کو عزت دو“ کا بیانیہ اب نہیں چلے گا۔سال 2025 میں انتخابات کی پیشگوئی کرتے ہوئے کیپٹن صفدر (ر) نے یہ بھی کہا کہ حکومت نہ سنبھالتے تو ملک سری لنکا بن جاتا،الیکشن کرائیں گے تو اربوں روپے لگیں گے۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کے بیانات سے متعلق سوال کے جواب میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ مفتاح میرا بھائی ہے، اس کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو عہدوں کی ضرورت نہیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Vote-ko-izzat-do-1200x480.jpg)