پاکستان ٹائم کے مطابق احتساب عدالت نمبر 5 کے جج ساجد علی اعوان کے روبرو وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران نیب کے وعدہ معاف گواہ کرنل (ر) عارف مجید نے شہباز شریف کو کلین چٹ دے دی۔ انہوں نے شہباز شریف کے خلاف بیان دینے سے انکار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وعدہ معاف گواہ اسرار سعید نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا اس مقدمے میں کوئی کردار نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان سے اس وقت کے چیئرمین نیب ، ڈی جی نیب اور دیگر نے یہ بیان لیا۔اسرار سعید نے مزید انکشاف کیا کہ اس وقت نیب کے افسران نے تحریری شکل میں مجھے صفحات دیے اور کہا کہ یہ بیان عدالت میں دیں۔
سماعت میں دونوں وعدہ معاف گواہان کے بیان کے بعد وکلاءکی جرح مکمل ہوگئی۔وعدہ معاف گواہان نے کہا کہ انہوں نے یہ بیانات نیب کے دباﺅ میں آکر دیے۔
مزید تفصیلات کے مطابق کیس کے سماعت کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے انوار حسین حاضری کے لیے پیش ہوئے۔
خیال رہے کہ عدالت نے شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو حاضری سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔ دوران سماعت عدالت میں شریک ملزم ندیم ضیا پیرزادہ ، کامران کیانی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس پر مزید سماعت چار مارچ تک ملتوی کر دی
