بھارتی اداکار نے اپنے خرچے پر 100 مداحوں کو ٹِرپ پر بھیج دیا

نئی دہلی (ویب ڈیسک )بھارت کی تیلگو فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وجے دیورا کونڈا نے کرسمس پر اپنے 100 مداحوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق س±پر اسٹار ہر سال کرسمس کے موقع پر اپنے پرستاروں کے لیے سرپرائز کا اعلان کرتے ہیں اور گزشتہ برس انہوں نے اپنے 100 مداحوں کو اپنے خرچے پر چھٹیوں پر بھیجنے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں انہوں نے ٹوئٹر پر صارفین سے ان کی من پسند جگہ جاننے کے لیے پول بھی کیا جس میں زیادہ تر صارفین نے پہاڑی علاقہ جات کو منتخب کیا۔
اس کے بعد جب جگہ کا انتخاب کیا گیا، تو پھر اداکار نے ایک ریزورٹ بک کروایا جس سے متعلق مداحوں کو ٹوئٹر پر آگاہ کیا گیا رواں ماہ اداکار کی جانب سے ان 100 مداحوں کی فہرست جاری کی گئی تھی جو اس ٹرپ پر جارہے ہیں۔
ان مداحوں کو سپر اسٹار کی جانب سے مکمل طور پر 5 دنوں کی مفت چھٹیاں گزارنے کے لیے، جس میں سفر، کھانے اور رہائشی اخراجات شامل ہیں، پہاڑی علاقے منالی بھیجا گیا۔
100 خوش نصیب پرستار چھٹیوں کے لیے منالی روانہ ہوگئے ہیں اور ایک مداح نے ہوائی جہاز سے ویڈیو بناکر ٹوئٹر پر شیئر بھی کی۔
گزشتہ 5 برس سے ہر سال کرسمس کے تحائف کا اعلان کرنے والے تیلگو سپر اسٹار وجے دیورا کونڈا نے گزشتہ سال 100 مداحوں کو 10، 10 ہزار روپے کے انعامات دیے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں