اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے صدر مملکت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ رف علوی آئین کی حد میں رہیں اور صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈہ نہ بنائیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ دینے کی قیاس آرائیوں پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی”آ بیل مجھے مار“والے کام نہ کریں، آئین کی حد میں رہیں اور صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈہ نہ بنائیں،صدر مملکت کا الیکشن کی تاریخ دینے سے کوئی لینا دینا نہیں،عارف علوی خوامخواہ ٹانگ نہ اڑائیں،وہ الیکشن کمیشن کو غیر آئینی احکامات پر مجبور نہیں کرسکتے،الیکشن کمیشن آپ کا غلام نہیں کہ جو آپ کہیں وہ مانے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے معیشت،خارجہ تعلقات اور قومی مفادات کو شدید نقصان پہنچایا اور اب وہ ریاستی سربراہ کے منصب کوسازش کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن پر دباو ڈال کر غیر آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ لینے کی کوشش ہو رہی ہے،صدر عارف علوی نے آئین کو ٹھوکر ماری تو وہ صدر نہیں رہیں گے اور آئین شکنی پر انہیں آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا ہو گا،عارف علوی صدر بنیں عمران خان کی کٹھ پتلی نہ بنیں،وفاداری آئین سے ہونی چاہیے،وہ پہلے ہی قومی اسمبلی تحلیل کر کے آئین شکنی کر چکے ہیں،سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق صدر کا عہدہ علامتی ہے،سپریم کورٹ کے مطابق کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ساز باز صدر کے منصب اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔