لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت اور وکالت نماے پر دستخط کیسز کی سماعت ہو رہی ہے جس کے لئے عدالت کی جانب سے عمران خان کو عدالت میں پیشی کے لئے آخری مہلت دی گئی تھی۔ عمران خان نے راستے میں ضرورت سے زیادہ وقت لیا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا تاہم اب عمران خان کی عدالت میں پیشی کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت کی جانب سے عمران خان کو دوپہر دو بچے عدالت میں پیش ہونے کا وقت دیا گیا تھا تاہم عمران خان بروقت نہ پہنچ سکے۔ عدالت میں مختصر وقفے کے بعد جب سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو جج نے عمران خان کے متعلق پوچھا جس پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ وہ گھر سے نکل چکے ہیں اور راستے میں ہیں۔ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے انہیں ضرورت سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ عدالت کی جانب سے سخت ریمارکس دیے گئے کہ عدالت کا کام سیکیورٹی دیکھنا نہیں ہے ہم یہاں سماعت کے لئے بیٹھے ہیں۔ جج نے مختصر وقفے کے بعد عمران خان کو جلد از جلد عدالت میں پیش ہونے کا حکیم دیا جس کے بعد عمران خان عدالتی احاطے میں پہنچ گئے تاہم وہ گاڑی کےک اندر ہی رہے۔ گاڑی میں ڈھائی گھنٹے گزارنے کے بعد وہ کمرہ عدالت کی جانب ویل چیئر کی بجائے پیدل ہی روانہ ہوئے۔
عمران خان کمرہ عدالت پہنچے تو اس کے بعد عدالت نے سماعت کا آغاز کیا۔ عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت کرتے ہوئے عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت تین مارچ تک منظور کر لی ہے۔
پاکستان ٹائم کے نمائندے کے مطابق عمران خان نے عدالت میں کہا کہ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔