جیل بھرو تحریک کا آغاز ،پہلی گرفتاری کون دے گا ؟

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کل(بدھ سے) لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہونے جارہا ہے، ساری پارٹی جیل بھرو تحریک کے لیے تیار ہے اور کل شاہ محمود قریشی گرفتاری دیں گے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق زمان پارک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کے چیپٹر کو ختم کیا گیا ہے، بدھ سے سینکڑوں کارکن گرفتاریاں دینا شروع کردیں گے،پوری پارٹی جیلیں بھرنے کو تیار ہے اور تحریک کےپہلے ہی روز شاہ محمود قریشی گرفتاری پیش کریں گے، سینکڑوں کارکن جیل جانے کیلئے خود کوپیش کریں گے، کسی سیاسی پارٹی کی ایسی تحریک شروع کرنےکی جرات نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کے خلاف جعلی مقدمات بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے، الیکشن ہوتے ہیں تو یہ لوگ بھاگ جاتے ہیں، پی ڈی ایم اپنا نام فراری رکھ لے، الیکشن کمیشن نے 90 روزمیں انتخابات کرانےکا بیان دیا، جو خوش آئند ہے، عمران خان نے الیکشن کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے، لاہورہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر لاہور کے عوام نے عمران خان کا بھرپوراستقبال کیا، جس سے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ چیئرمین نیب نے حکومت کے رویہ پراستعفیٰ دیا ہے، سرکاری افسران کو چاہیے کہ کسی پارٹی کا کارکن بننے کے بجائے حق و سچ کی آواز بلند کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں۔تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے حکمراں اتحاد پی ڈی ایم کو للکارتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بھی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے، گھوڑا بھی حاضر ہے، میدان بھی حاضر ہے، آئیں مقابلہ کریں، مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات جمع نہیں کرائے، یہ عوام کا سامنا کرنے سے خوف زدہ ہیں، ملک کے مستقبل کا فیصلہ عوام کریں گے۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے ضمنی مالیاتی بل غیرقانونی طور پر پاس کرایا، بل ایسے وقت میں پاس ہوا جب قومی اسمبلی کا کورم تک پورا نہیں تھا، بل کے حق میں 61 ارکان نے ووٹ دیا، ملک میں اس وقت تاریخ کا بدترین معاشی بحران ہے۔ آٹا، چینی، گھی، بجلی ہرچیزعوام کی قوت خرید سے باہر ہے، آئی ایم ایف کی ڈیل پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کا حربہ ہے، معاشی مسائل کا حل آئی ایم ایف پروگرام میں نہیں ہے، معاشی مسائل کا حل حکومت کو نکالنا ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں