لاہور(وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے”جیل بھرو تحریک“ شروع کرنے اور پارٹی قائدین اور کارکنان کی گرفتاریوں کے بعد اپنے دبنگ اعلان میں25 مئی واقعے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ میرا وعدہ ہے پہلے آپ بچ گئے لیکن اس بار غیر جمہوری کام کرنے والے نہیں بچیں گے، اب کی بار ہماری حکومت ہی آئے گی، وعدہ کرتا ہوں حکومت میں آنے کے بعد میں انہیں چھوڑوں گا نہیں، ظالموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، 90 دن میں الیکشن نہ ہوئے تو پاکستان بنانا ری پبلک ڈکلیئر ہو جائے گا، جو جج ان کے خلاف فیصلہ سنائے انہیں یہ مافیا کی طرح دھمکیاں دیتے ہیں، این آراو لینے والے قانون کی بالادستی نہیں چاہتے۔
لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کا لاہور سے آغاز ہو گیا ہے، گرفتاری دینے والی سینئر لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، 1947میں آزادی کی تحریک ادھوری رہ گئی تھی کیونکہ اس وقت لوگوں کو آزادی کا علم نہیں تھا لیکن اب ہم حقیقی آزادی کے خواب کو حقیقت بنائیں گے، قوم مہنگائی کے لئے نہیں، کسی اور چیز کے لئے تیار ہے، پارٹی لیڈرشپ، لاہور کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قوم نے تحریک کی بھرپور حمایت کی، 200 بندوں سے ہزاروں افراد گرفتاری کے لئے تیار ہوگئے، پارٹی لیڈر شپ نے خود اپنی گرفتاریاں دیں،مجھے عدالت نے طلب کیا تو عوام کا سمندر سڑکوں پر آگیا، اشتہارات میں ترقی سے قوم بے وقوف نہیں بنے گی، حکومت گئی تو فیصلہ کیا ملک کو نقصان نہیں پہنچاو¿ں گا، کوشش کی حقیقی آزادی کی جدوجہد سے ملک کو نقصان نہ پہنچے، قوم کو غداروں سے تحفظ اور ملک میں انصاف کی حکمرانی چاہتے ہیں، 25 مئی کو چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا تھا، ایسا لگ رہا تھا جیسے ہم مقبوضہ کشمیر میں ہیں۔
۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج لمبی تقریر کے دوران کہا قوم مزید مہنگائی کے لئے تیار ہو جائے، شہباز شریف کی کسی بات کی سمجھ نہیں آئی، ان سے کہتا ہوں یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، آپ کے ماضی کے بیانات ایک منٹ میں سامنے آجاتے ہیں، اسی لئے مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں، پیٹرول دو روپے مہنگا ہوا تو آپ نے شورمچا دیا تھا، شہباز شریف ہماری حکومت گرانے کا حصہ تھے، آصف زرداری، نواز شریف اور سابق آرمی چیف نے مل کر ہماری حکومت گرائی، ڈھائی سال تک ہم بھی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تھے، 10 ماہ میں پاکستان کے ساتھ جو ہوا وہ دشمن نہیں کر سکتا، ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 12 فیصد تھی جوکہ اب تین گناہ بڑھ چکی ہے۔سابق چیئرمین نیب کے استعفے پر عمران خان نے کہا کہ آفتاب سلطان ن لیگ کا خاص آدمی تھا، آفتاب سلطان نے کہا کہ جھوٹے کیسز بنائے جا رہے ہیں، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب روپے ریکور کیئے، 1100 ارب روپے ریکور ہونے تھے جو انہوں نے معاف کرا لیے، شریف، زرداری خاندان نے 30 سال لوٹ مار کی، برطانیہ کا وزیراعظم ہائیڈ پارک میں نہیں رہ سکتا، آپ کو پاکستان کے لئے تکلیف ہوتی تو اپنا پیسا واپس لاتے، روپے کی بے قدری سے غریب کی آمدن میں کمی آئی اور آپ کی جائیدادوں میں اضافہ ہوا، لہٰذا مصنوعی اقدامات کرکے عوام کو بے وقوف نہ بنائیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/329775034_899876201067762_6403871379430120080_n-1200x480.jpg)