سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی پہلی برسی،دعائیہ تقریب میں کون کون شریک ہوا؟جانئے

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی پہلی برسی آج انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی،مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی،نعت خوانی اور دعا ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں سیاسی،مذہبی اور سماجی شخصیات سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مرحوم عبدالرحمان ملک کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعا کی گئی۔ملک کے سیاسی رہنما لطیف کھوسہ،وفاقی وزیر شیری رحمان،فرحت اللہ بابر،ایم این اے ملک ابرابر،زمرد خان،تنویر کائرہ، سمیت ملک کے دور دراز علاقوں کے وفود نے برسی میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مختلف صحافیوں،سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے مرحوم عبدالرحمان ملک کو ان کی ملک و قوم کے لیے بے مثال خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وطن عزیز،پیپلز پارٹی اور عوام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔فرحت اللہ بابر نے کہا کہ رحمان ملک مرحوم نے اپنی انتھک محنت سے اپنا مقام بنایا اور ہمیشہ اصولوں پر ڈٹے اور پیپلز پارٹی کے وفادار رہے۔سابق گورنر لطیف کھوسہ نے کہا کہ مرحوم رحمان ملک سے قریبی رفاقت رہی اور انہیں ہمیشہ بہادر، قابل اور بہادر پایا۔اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے مرحوم سینیٹر رحمان ملک کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق قبائلی اضلاع کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سینیٹر رحمان ملک نے بطور وزیر داخلہ نہ صرف قبائلی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی بلکہ وہاں امن و امان کے لیے عملی طور پر اقدامات بھی کیے۔
یاد رہے کہ مرحوم عبد الرحمان ملک 2008 میں بننے والی پیپلز پارٹی کی حکومت کے وزیر داخلہ بنے اور دور حکومت میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات کے باعث بیشتر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا،رحمان ملک نے دہشت گردی کے پیچھے بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد اپنی تحقیقی کتاب میں بھی شائع کئے۔سینیٹر رحمان ملک نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے ملک کے وزیر داخلہ بنے۔ سینٹر رحمان ملک کو ان کی خدمات کے بدلے ستارہ شجاعت،ستارہ امتیاز اور جامعہ کراچی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی گئی،مرحوم رحمان ملک نے انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارم کے ادارے کی بنیاد رکھی اور بھارت کی پاکستان میں مداخلت کے شواہد سامنے لائے،رحمان ملک کئی کتابوں کے مصنف تھے،انکی لندن رہائش گاہ پر تاریخی میثاق جمہوریت کے معاہدے پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف نے دستخط کر کے ایک نئے جمہوری دور کا آغاز کیا۔ سینیٹر رحمان ملک کے صاحبزادے عمر رحمان ملک اور علی رحمان ملک نے دعائیہ تقریب میں معزز مہمانوں کا گھر آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں بھائی اپنے والد کے مشن کو آگے لے کر بڑھیں گے اورپیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کیساتھ سیاست میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرینگے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مرحوم والد رحمان ملک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سماجی اور تحقیقی کام کو بھی آگے بڑھائیں گے اور اس سلسلے میں جلد حکمت عملی کا اعلان بھی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں