لاہور(سٹاف رپورٹر)مریم نواز شریف اور خواجہ آصف کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے بھی سابق آرمی چیف جنرل(ر)قمر جاوید باجوہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل (ر)باجوہ اور عمران خان نے اس ملک کے لئے اچھا نہیں کیا لیکن پاکستان کے لوگ بہادر اور باہمت ہیں،جو کچھ ہم سے ہو پایا ہم عوام کی خدمت کریں گے،کچھ وقت لگے گا لیکن ان شاءاللہ بہت جلد مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا،ہمیں عدلیہ سے
توقع ہے کہ وہ عمران خان کے کیسز کا جلد فیصلہ کرے گی۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال سوائے باتوں کے کچھ نہیں کیا”جیل بھرو تحریک“کا اعلان کیا،کہتے تھے ملک کی جیلیں بھر دیں گے،پشاور میں سیلفیاں لینے تو آئے مگر گرفتاری کسی نے نہیں دی،شیخ رشید جیل کو سسرال کہتا تھا،کل پولیس وین کو دیکھ کر بھاگ گیا۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر ہیروئن کا جھوٹا کیس بنایا گیا،نواز شریف اور مریم بی بی کے ساتھ کیا گیا سلوک سب کے سامنے ہیں۔2018 میں آر ٹی ایس کو بیٹھا کر عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا۔عمران خان نے جہاں ملک کو لا کھڑا کیا اس کو ٹھیک کرنے میں 4, 5 سال لگیں گے،عمران خان نے پاکستان کو اپنی ذات کی خاطر مشکلات میں ڈال دیا ہے،یہ ایک محسن کش شخص ہے،عدلیہ سے توقع ہے کہ وہ عمران خان کے کیسز کا جلد فیصلہ کرے گی،الیکشن کمیشن اور عدلیہ انتخابات کا فیصلہ کریں گے،البتہ صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات اکٹھے ہونے چاہیے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف بہت جلد پاکستان واپس آئیں گے،ن لیگ انتخابی مہم کا آغاز کر چکی ہے،ہم رواداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہیں،ہم نے کبھی گالم گلوچ کی سیاست کو سپورٹ نہیں کیا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/Sardar-Ayaz-Sadiq-1200x480.jpg)