سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی خبریں ،اسحاق ڈار بھی میدان میں آ گئے

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کے دیوالیہ ہونے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن سے متعلق افواہوں اور میڈیا میں چلنے والی خبروں کو یکسر مسترد کردیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسلام آباد میں سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں کفایت شعاری پالیسی کے لئے ارکان نے تجاویز پیش کیں۔اس موقع پرسینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات ہیں لیکن ڈیفالٹ کاکوئی خطرہ نہیں، موثر پالیسیوں کی بدولت مشکلات پر قابو پالیں گے، قوم کو اخراجات پر قابو پانے کی ضرورت ہے، قوم کو بے جا اخراجات سے بچنا ہوگا۔دوسری جانب مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں سینیٹراسحاق ڈار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پینشن روکنے کی افواہیں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں قومی مفاد کو نقصان پہنچاتی ہیں، مہربانی کریں ایسی خبریں پھیلانے سے اجتناب کریں اور مہربانی کریں ایسی خبریں پھیلانے سے اجتناب کریں۔فنانس ڈویژن کی جانب سے بھی جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سرکاری ملازمین کی پنشن اور تنخواہ روکنے سے متعلق افواہیں سراسر غلط ہیں، فنانس ڈویژن کی طرف سے ایسی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں، اے جی پی آر نے تصدیق کی ہے کہ تنخواہ اور پنشن کی ادائیگیوں سے متعلق کارروائی مکمل ہو چکی ہے اور یہ وقت پر ادا کر دی جائے گی، مزید یہ کہ دیگر ادائیگیوں پر معمول کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں