انتقامی کارروائیوں کا الزام ،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کھل کر میدان میں آ گئے

لاہور(سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیاسی جماعت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی،جب بھی حکم ملے گا الیکشن کرا دیں گے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوورمنصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کی ’جیل بھرو تحریک‘ سے متعلق کہا کہ ہمارا خیال تھا کہ گرفتاریاں دینے والے پی ٹی آئی کارکنان بہت زیادہ تعداد میں ہوں گے، اس نظریے پر کچھ لوگوں کو دیگر شہروں کی جیلوں میں منتقل کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کتنے کارکن جیلوں میں ہیں یا شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی جیل میں تلخ کلامی کے متعلق کچھ معلوم نہیں۔پاکستان سپرلیگ سیزن 8 سے متعلق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہورمیں گزشتہ میچ کے دوراں صرف لائٹس کے کرائے کی مد میں 60 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، اب پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) سے معاہدہ ہوگیا ہے، تمام لائٹس کا خرچہ پی سی بی خود برداشت کرے گا۔واضح رہے کہ اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوورمنصوبے پر 3 ارب 10 کروڑ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور یہ منصوبہ 4 ماہ میں مکمل ہوگا،اکبر چوک فلائی اوور 2 لینز پر مشتمل ہوگا اور 700 میٹر طویل ہوگا جبکہ انڈر پاس بھی 2 لینز ہوگا اور 540 میٹر طویل ہوگا۔ٹریفک کاو¿نٹ سروے کے مطابق اس سڑک سے روزانہ ایک لاکھ 99 ہزار 557 گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں گزرتی ہیں، فلائی اوور اور انڈر پاس کی تعمیر سے بالواسطہ اور بلاواسطہ ایک لاکھ 4 ہزار 742 گاڑیوں کو فائدہ ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں