ازخود نوٹس کا فیصلہ،تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک ختم،عمران خان نے بڑا اعلان کر دیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پنجاب اورخیبرپختونخوا( کے پی کے)میں انتخابات میں تاخیر پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدپاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے”جیل بھرو تحریک“ معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ازخود نوٹس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدچیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے” جیل بھرو تحریک “معطل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن میں تاخیر پر سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے آج ازخود نوٹس پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات 90 روز میں کروائے جائیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی”جیل بھرو تحریک “معطل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتخابی مہم کی جانب بڑھ رہے ہیں،آئین کا تحفظ سپریم کورٹ کا فرض تھا اور معزز ججز نے آج اپنے فیصلے کے ذریعے یہ فرض نہایت بہادری سے نبھایا ہے،یہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی پر تصدیق کی ایک مہر ہے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماوں نے آج فیصل آباد سے گرفتاریاں دینی تھیں تاہم اب وہاں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری نے تصدیق کر دی ہے۔اعجاز چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں آئین بحال ہے،الیکشن 90 روز میں ہوں گے،آج فیصل آباد میں گرفتاریوں کے بجائے بھرپور جلسہ ہو گا مگر گرفتاریاں نہیں دی جائیں گی۔دوسری جانب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنماوں سے ملاقاتیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عمران خان اور پارٹی رہنماوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے مشاورت ہوگی،جب کہ حکومت پر الیکشن کیلئے مزید دباو ڈالنے کی حکمت عملی طے کی جائے گی،گرفتار رہنماوں کی ضمانت کے بارے میں مشاورت ہوگی،جبکہ عمران خان کا خطاب بھی متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں