لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے”جیل بھرو تحریک“کے بعد پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کی رہائی کے لئے”جیل سے نکالو“تحریک شروع کرتے ہوئے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ”جیل بھرو تحریک “ میں گرفتاریاں پیش کرنے والے کارکنوں اور قیادت کی رہائی کے لئے پی ٹی آئی نے قانونی ٹیم تشکیل دے دی ہے،قانونی ٹیم میں بیرسٹر علی ظفر،فیصل چوہدری،ڈاکٹر بابر اعوان اور اظہر صدیق شامل ہیں جبکہ دیگر وکلاء مرکزی کمیٹی کی معاونت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم ہائیکورٹ میں رہنماوں کی نظربندی کو بھی چیلنج کرے گی،گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لئے بھی اپیلیں دائر کی جائیں گی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ نظربندی کو چیلنج اور رہائی کی اپیلیں جلد فائل کی جائیں گی۔
