ممبئی(شوبز ڈیسک)سابق مس یونیورس اور ہندوستان کی مشہور اداکارہ سشمیتا سین کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد ان کی انجیو پلاسٹی کردی گئی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے انسٹا گرام پر جاری بیان میں اپنے والد کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی جس میں لکھا کہ والد کہتے ہیں کہ اپنے دل کو پرسکون رکھیں اور خوش رہیں، یہ بھی ضرورت پڑنے پر آپ کے ساتھ کھڑا رہے گا۔سشمیتا سین نے اپنے پیغام میں مزید بتایا کہ انہیں چند روز قبل دل کا دورہ پڑا تھا تاہم ان کی انجیو پلاسٹی کرکے سٹنٹ ڈال دیا گیا ہے، سب سے اہم بات یہ ہے کہ میرے ڈاکٹر نے مجھے بتایا کہ آپ کا دل بہت بڑا ہے۔بھارتی اداکارہ نے بروقت مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ایک اور پوسٹ میں ان سب کو دوبارہ شکریہ کہوں گی، یہ پوسٹ صرف اس لئے ہے کہ اپنے چاہنے والوں کو بتا سکوں کہ سب کچھ ٹھیک ہے اور میں مزید زندگی گزارنے کیلئے تیار ہوں۔