پنجاب کی نگران حکومت کو بڑا دھچکا ،آئی جی جیل خانہ جات بحال

لاہور(کورٹ رپورٹر)پنجاب کی نگران حکومت کو بڑا دھچکا لگ گیا ،ایک ہی روز بعد لاہور ہائیکورٹ نے انسپکٹر جنرل( آئی جی) پولیس جیل خانہ جات پنجاب مبشر احمد خان کو بحال کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں آئی جی جیل خانہ جات مبشر احمد کی برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی۔برطرف آئی جی پنجاب کے وکیل اشتیاق اے خان نے عدالت کے سامنے موقف پیش کیا کہ نگران حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو غیر قانونی طور پر عہدے سے ہٹا دیا ہے، نگران حکومت کو آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی برطرفی کا کوئی استحقاق نہیں ہے۔وکیل نے موقف اختیار کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ نگران حکومت کا کام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، عدالت آئی جی جیل خانہ جات کی برطرفی کا حکم کالعدم قرار دے۔سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ دفاتر بند ہونے کے باعث ہدایات نہیں لی جا سکیں۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیا آج آدھے دن کی چھٹی تھی۔ عدالت نے نگران حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کی تعیناتی کا معطل کیا گیا نوٹیفکیشن بحال کر دیا۔عدالت نے حکومت پنجاب اور فریقین سے 27 مارچ تک جواب بھی طلب کر لیا۔واضح رہے کہ نگران حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات مبشر احمد کو برطرف کرکے ان کی جگہ میاں فاروق نذیر کو تعینات کردیا تھا۔گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان فاروق نذیر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، فاروق نذیر تیسری بار آئی جی مقرر ہونے والے جیل خانہ جات کے واحد افسر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں