پشاور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماءاسلام (ف)سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا کے گورنرحاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ان کی خواہش تھی کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں عام انتخابات کے لیے متفقہ تاریخ کا اعلان کیا جاتا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ متفقہ تاریخ کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رابطہ بھی کیا تھا اگر وہ اعلان سے قبل متفقہ تاریخ پر مشاورت کے لیے بلا لیتے تو مثبت پیغام جاتا۔حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ صدر مملکت، چیف الیکشن کمشنر اور میں صوبوں میں انتخابات کے لیے ایک متفقہ تاریخ دیتے لیکن صدر نے خود ہی پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیا، انتخابات کی تاریخ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ارسال کردہ خط رات کو موصول ہوا ہے، ابھی سیکریٹری چھٹی پر ہے، پیر کے روز آکر خود اسے کھولے گا۔گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظرمیں جو بھی دستیاب تاریخ ہوگی الیکشن کروا دیں گے، تاریخ میں دوں گا ،انتظامات کرنا الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کام ہے۔واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے صوبہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کرانے کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کی منظوری دی تھی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Governer-KPK-1200x480.jpg)