لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز عمران خان کے خلاف لفظی گولہ باری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں ،عمران خان کے خلاف پنجاب بھر میں ن لیگی ورکرز کو متحرک کرنے میں مصروف نواز شریف کی صاحبزادی نے عمران خان پر ایسا طنز کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین غصے سے لال پیلے ہو جائیں گے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مریم نواز نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری سے متعلق طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف تھوڑی سی بہادری عمران خان کو ادھار دے دیں۔مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں والد نواز شریف کو مینشن کرتے ہوئے کہا ہے کہ برائے مہربانی تھوڑی سی بہادری عمران خان کو ادھار دے دیں۔اپنے ایک اور بیان میں مریم نواز نے عمران خان کو گیدڑ قرار دیا اور لکھا کہ شیر بے گناہ بھی ہو تو بیٹی کا ہاتھ تھام کر لندن سے پاکستان آکر گرفتاری دیتا ہے اور گیدڑ چور ہو تو گرفتاری سے ڈر کے دوسروں کی بیٹیوں کو ڈھال بنا کر چھپ جاتا ہے۔مریم نواز نے لکھا کہ باہر نکلو بزدل آدمی! لیڈر اور گیدڑ کے درمیان قوم فرق جان گئی ہے۔دوسری طرف وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اسی سے ملتا جلتا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نواز شریف سے جرات و ہمت ادھار مانگ لے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چوہے کی طرح چھپا ہوا ہے، ورکروں کو کہہ رہا ہے جیلیں بھر دو، سیاسی رہنما اپنے عقائد اور نظریات کیلئے قربانیاں دیتے ہیں، سیاسی رہنما قید کی صعوبتیں عزت اور وقار کے ساتھ برداشت کرتے ہیں، اس شخص کو کوئی شرم حیا نہیں ہے، مثال نیلسن منڈیلا کی دیتا ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر زمان پارک پہنچی تھی تاہم اسلام آباد پولیس کے مطابق زمان پارک میں عمران خان نہیں ملے، افسران کو آگاہ کردیا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Maryam-nawaz-1200x480.jpg)