آصف زرداری نے پی ڈی ایم پر بجلیاں گرا دیں

وہاڑی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے اپنی ہی اتحادی حکومت پر بجلیا ں گراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مل کر چل رہے ہیں لیکن ہم پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ نہیں ہیں، بلاول نوجوان ہے، اسے غصہ جلدی آجاتا ہے، مردم شماری پر بلاول بھٹو کو سندھ کی حد تک اعتراضات ہیں،عمران خان غیر سیاسی ہے، اس سے کیا بات کروں جو یوٹرن پر یقین رکھتا ہے؟جس طرح پوری قوم کو ٹھیک کرنا اور سنبھالنا ہے، معیشت کو سنبھالنا ہے، ملٹری مائنڈ سیٹ کو سنبھالنا ہے، اسی طرح میرا خیال ہے عدلیہ کو بھی سنبھالنا ہے، ان سے بھی بات اور گفتگو کرنی ہے، وہ بھی ہم سے ہی ہیں، وہ بھی ہم میں سے گئے ہوئے لوگ ہیں، پہلے وکیل تھے اور اب جج بن گئے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ضلع وہاڑی کا پہلا دورہ ہے، ذاتی تعلقات پہلے سے ہیں، سیاسی تعلقات میں اضافہ کر رہے ہیں، ہمیں حالات کا پتا تھا کہ معیشت کیسی ہے لیکن ملک کو بچانا تھا، عمران خان ملک کے تمام ادارے فروخت کرنا چاہتا تھا، اقتدار میں آکر ملک کو بچا لیا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں سے بات چیت ہوسکتی ہے، عمران خان غیر سیاسی شخص ہے، اس سے بات نہیں کر سکتے، سیاست میں جفا کشی کرنا پڑتی ہے، عمران خان جفا کشی کا عادی نہیں، عمران خان عدالتوں کا سامنا کرتے ہوئے ڈرتا ہے، سیاستدان نہ عدالتوں سے گھبراتا ہے نہ جیلوں سے، ہم نے پاکستان اور پاکستانیوں کے مستقبل کو اس پاگل خان کی تباہ کاریوں سے بچایا ورنہ ملک کب کا دیوالیہ ہوچکا ہوتا، کسی کو گرفتار کرنا وزیر داخلہ کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہا کہپاکستان بائیس کروڑ لوگوں کا ملک ہے یہ کوئی پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں، کہ شیئرز گرنے سے ڈیفالٹ کرجائے گا، جاپان کئی مرتبہ ڈیفالٹ ہوا مگر انہوں نے فائٹ بیک کیا ہے،پاکستان کیمعاشی صورتحال بری ہے مگر ہم نے ہی اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ راجن پور کا الیکشن پی ٹی آئی نے مقبولیت کے بجائے مہنگائی کی وجہ سے جیتا، عمران خان نے راجن پور کا الیکشن مقبولیت پر نہیں جیتا، خواتین کا ووٹ زیادہ پڑا ،خواتین نے چولہا چلانا ہوتا ہے، ٹماٹر خریدنے ہوتے ہیں، ٹماٹر مہنگے ہونگے تو خواتین حکومت کو ہی برا بھلا کہیں گی، حد تو یہ ہے کہ دال بھی خراب آتی ہے، دال میں ملاوٹ نہیں ہوتی تھی لیکن اب دال میں بھی ملاوٹ ہوتی ہے،اس لیے ہم الیکشن ہارے،ہماری حکومت میں مہنگائی نہیں تھی، اگر میں معیشت کو سنبھال لیتا ہوں تو وفاق اور پنجاب میں پیپلزپارٹی دوبارہ آ سکتی ہے، ہم حکومت کا حصہ ہیں ،پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ،پی ڈی ایم اور ہمارا اپنا اپنا موقف ہے،الیکشن کا ماحول بنے گا، اس کے بعد سیاسی فیصلے کریں گے، امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول جوان آدمی ہے اور ان کو غصہ بڑی جلدی آتا ہے، ہم غصہ پینے کے عادی ہیں، وہ ایسی چیزوں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ کہتا ہے میرے ساتھ وعدہ کیا تھا تو پیسے کہاں ہیں؟ یا تو وعدہ کرتے نہیں، اب کیا ہے تو آپ کیوں نہیں دے رہے ہیں؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں