خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات ،الیکشن کمیشن نے فنڈز کے لئے وفاق کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے فنڈز اور سیکیورٹی کے لئے وفاق سے جلد رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تیاریوں پر الیکشن کمیشن کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران، سیکرٹری اور دیگر ونگز کے حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فنڈز اور سیکیورٹی اہلکاروں کی فراہمی کے لئے وفاق سے جلد رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔الیکشن کمیشن اجلاس کو پنجاب میں انتخابات کے شیڈول پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں 2 صوبوں میں عام انتخابات کے انعقاد کے لئے سیکیورٹی اور درکار بجٹ پر بھی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے لئے تیاریاں جاری ہیں تاہم گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے خط کا ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں