اسلام آباد پولیس کے بعد نیب ٹیم بھی زمان پارک پہنچ گئی ،کارکنوں کی دوڑیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)اسلام آباد پولیس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) کی دو رکنی ٹیم عمران خان کو منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس وصول کرانے زمان پارک پہنچ گئی۔نیب ٹیم کی آمد کا سنتے ہی قرب و جوار میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے کارکنوں نے عمران خان کی رہائش گاہ کی جانب دوڑیں لگا دیں ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق قومی احتساب بیورو کی ٹیم منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس وصول کرانے کے لئے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی تاہم نیب کی ٹیم کو عمران خان کے گھر تک رسائی نہ ملی، زمان پارک کی سکیورٹی نے نیب ٹیم کو رہائش گاہ کے باہر روک دیا تھا۔بعد ازاں نیب لاہور کی 2 رکنی ٹیم زمان پارک سے روانہ ہوگئی۔نیب ٹیم کی آمد کا سنتے ہی قرب و جوار میں موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کی رہائش گا ہ کی جانب دوڑیں لگا دیں تاہم اس سے قبل ہی سیکیورٹی عملے نے نیب ٹیم کو گھر کے باہر سے ہی روانہ کردیا ۔اسی موقع پر صحافی نے نیب ٹیم سے سوال کیا کہ عمران خان کو نیب کی جانب سے کونسا نوٹس وصول کرایا؟تاہم نیب اہلکاروں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دینے سے گریز کیا۔اس سے قبل نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم کی لاہور زمان پارک رہائشگاہ پہنچ کر توشہ خانہ کیس میں طلبی کا نوٹس وصول کرایا تھا۔22 فروری کو نیب اسلام آباد کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نیب اسلام آباد نے 9 مارچ دن ڈھائی بجے طلب کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں