راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 208 رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس پر زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور ان کے ساتھ پہلی بار اوپننگ کیلئے صائم ایوب میدان میں اترے اور پاور پلے میں زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں اوپننگ بلے باز وں نے ٹیم کا سکور 107رنز تک پہنچایا اور بائیں ہاتھ کے بلے باز صائم ایوب 36گیندوں پر 68 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، ان کے بعد آنے والے محمد حارث صرف 9 رنز بنا کر 125 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے ۔
بابر اور ٹام کوہلر نے مل کر ٹیم کا سکور 168 تک پہنچایا لیکن کپتان بابر اعظم ہی کوہلر کیساتھ وفا نہ کر سکے اور 50 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ، ان کے فوراً بعد نئے آنے والے غیر ملکی بلے باز پاول بھی صرف 9 رنز بنا کر چلتے بنے ، اس طرح 179 رنز کے مجموعے پر پشاور زلمی کی 4 وکٹیں گر گئیں ۔
پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ ٹام کوہلر کی گری جو کہ 16 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ٹیم کا مجموعی سکور 183 رنز تھا، اس کے بعد قلندرز نے کسی بھی بلے باز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور سار ی ٹیم 19.3 اوورز میں پویلین واپس بھیج دی۔
باولنگ کی بات کی جائے تو لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 ، راشد خان، حارث روف اور زمان خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔
واضح رہے کہ اس وقت پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پرچوتھے نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز اس وقت پہلی پوزیشن پر براجمان ہے ۔
اس خبر میں مزید مواد ڈالا جا رہا ہے ۔