لاہور(وقائع نگار خصوصی)حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی تاریخی انقلاب ریلی روکنے کے لئے شہر میں دفعہ 144نافذ کرنے کے بعد لاہور کے مختلف مقامات پر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں،مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس سے دو بدو لڑائی،پولیس پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کر رہی ہے جبکہ کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراو بھی کیا جا رہا ہے کینال روڈ سے مال روڈ جانے والا حصہ پولیس اور کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد ”میدان جنگ“ کا منظر پیش کر رہا ہے جبکہ زمان پارک میں پولیس کا پی ٹی آئی کارکنوں پر زہریلی سپرے کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔
ُُپاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں دفعہ144کے نفاذ کے بعد پولیس نے کینال روڈ سے مال انڈرپاس کی طرف جانے والا راستہ کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے۔مال روڈ پر موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرکے پولیس کی گاڑیوں میں ڈال دیا گیا ہے جب کہ کارکنوں کومنتشرکرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔کینال روڈ پر پولیس اہلکار اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آگئے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھر برسانا شروع کر دیئے ،جس پر مزید کارکنوں کو گرفتارکر لیا گیا،پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کی گاڑیوں کے شیشے توڑتے ہوئے انہیں حراست میں لیا،اس موقع پر خواتین پر بھی پولیس کی جانب سے تشدد دیکھنے میں آیا،پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکن زمان پارک میں موجود ہیں،واٹر کینن بھی زمان پارک پہنچا دی گئی ہے،زمان پارک کینال روڈ سے کارکنوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آج لاہور میں ریلی کا اعلان کر رکھا ہے،فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریلی آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی جائے گی۔دوسری جانب حکومت پنجاب نے لاہور میں جلسے،جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی لگا دی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن میں کہا تھا کہ دفعہ 144 کا نفاذ آج سے شروع ہو گا اور یہ پابندی آئندہ سات روز تک رہے گی۔