خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس،عمران خان کو بڑی خوشخبری مل گئی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔عمران خان سیشن کورٹ میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔وکیل کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے، عمران خان ہر عدالت میں پیش ہوئے، مختلف عدالتوں میں عمران خان نے بذریعہ ویڈ یولنک حاضر ہونے کی درخواستیں دیں، موجودہ حکومت عمران خان کو قتل کرنا چاہتی ہے۔وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ پر امن ریلی پر پنجاب حکومت نے شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں برسائیں،عمران خان عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار تھے،عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، وزیرآباد میں حملہ ہوا، کوشش کی جارہی ہے کہ عمران خان دوبارہ قاتلانہ حملہ کیا جائے۔جج جواد عباس نے استفسار کیا کہ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کہاں ہیں؟جواب میں بتایا گیا کہ وہ لاہور میں ہیں۔ فاضل جج نے دوبارہ استفسار کیا کہ کیا سلمان صفدر کو بھی سیکیورٹی تھریٹس ہیں؟جس پر نعیم پنچوتھا کا کہنا تھا کہ وہ لاہور زمان پارک میں ہیں ، عمران خان کی جہاں رہائش تھی اس پر نقل حرکت کرنا مشکل ہے،اس لئے وہ نہیں آ سکے ۔سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 لاہور میں نافذ ہے، عمران خان کی عدالت پیشی پر نہیں۔دوران سماعت فاضل جج نے عمران خان کے وکیل سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ ہم نے عمران خان کو طلب نہیں کیا تھا، وہ خود درخواست لائے، اس عدالت نے ساڑھے 5 ماہ بعد عبوری ضمانت خارج کی، اگر عبوری ضمانت خارج ہوتی ہے تو کیا ملزم پیش نہیں ہو گا؟فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ جج کیا اب عدالت گھر جا کر ملزم کو ضمانت دے؟آپ کو عدالت کا شکر گزار ہونا چاہئے ناکہ گلہ شکوہ کریں،آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی عمران خان کی پیشی ہے۔پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے آنے تک سول جج رانا مجاہد رحیم نے سماعت میں وقفہ کردیا۔وقفے کے بعد دوبارہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی صحت اسلام آباد سفراجازت نہیں دیتی ، ان کی جان کو خطرہ سنجیدہ نوعیت کا ہے،سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔عدالت نے عمران خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 13مارچ تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں