لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب حکومت نے سیاسی و سماجی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے سخت تنقید کے بعد گھٹنے ٹیکتے ہوئے ایک روز بعد ہی لاہور میں دفعہ 144 پر پابندی ہٹا دی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے گزشتہ روز جاری کیا گیا دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔گزشتہ روز تحریک انصاف کی ریلی تھی، اسی دوران پنجاب حکومت نے دفعہ 144 نافذ کرکے جلسوں اور ریلیوں پر پابندی لگا دی تھی۔اس پابندی کے باعث اکٹھے ہونے والے تحریک انصاف کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے ایکشن لیااور متعدد گرفتاریاں بھی کیں۔پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد لاہور میں دفعہ144کے نفاذ پر سیاسی و سماجی تنظیموں اور سینئر صحافیوں کی جانب سے اس اقدام کو بھونڈا قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے 24گھنٹے گذرنے کے بعد جاری نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف دی گئی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/GOVT-on-knee-1200x480.jpg)