گھی کے بعد چینی بھی مہنگی،مقدس مہینہ شروع ہونے سے پہلے ہی منافع خوروں نے کمر کس لی

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)حکومت نے گھی کے بعد چینی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،مقدس مہینہ شروع ہونے سے پہلے ہی منافع خوروں نے لوٹ مار کی پلاننگ کر لی ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہونے سے قبل گھی کے بعد ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی بھی مہنگی کردی گئی ہے اور فی کلو چینی میں 2 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم پیکج کے تحت سبسڈی والی چینی کی قیمت 89 سے بڑھا کر91 روپے فی کلو کردی گئی ہے، چینی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کیلئے چینی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیااور ان کے لئے چینی کی قیمت 70 روپے فی کلو برقرار رہے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چینی پر جی ایس ٹی کی وجہ سے 2 روپے کا اضافہ ہوا ہے، مارکیٹ میں اس وقت بھی چینی 105روپے کلو ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پہلے سے مہنگائی کے ستائے شہریوں کو حکومت کی جانب سے رمضان المبارک سے قبل ایک اور تحفہ دے دیا گیا اور ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیر اعظم پیکچ کے تحت گھی فی کلو 115 روپے مہنگا کردیا گیا تھا۔یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا، جس کے مطابق سٹورز پر سبسڈی والا گھی 375 سے بڑھا کر 490 روپے کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین گھی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، اور بی آئی ایس پی کے مستحقین کیلئے گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے برقرار رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں