نواز شریف کو جیل میں زہر دیا گیا،مریم نواز کا دعویٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ان کے والد میاں نواز شریف کو جیل میں قید کے دوران زہر دیا گیا تھا ،پاکستان کی ترقی کا دشمن پانامہ بینچ تھا، صرف نواز شریف سے نہیں غریب سے بھی دشمنی کی،جتنا بڑا جرم انہوں نے قوم کے ساتھ کیا ہے،نسلیں انہیں معاف نہیں کریں گی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مریم نواز نے اپنے والد کو قید کے دوران زہر دیئے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو دوران قید زہر دیے جانے سے ان کے پلیٹ لیٹس گرے تھے،جب ان کی حالت بگڑی اور وہ زندگی و موت کی کشمکش میں آئے تو کچھ لوگوں کے ہاتھ پاوں پھول گئے تھے۔مریم نواز نے کہا نوازشریف کو باہر بھیجنا ان ہی لوگوں کی مجبوری تھی، کبھی نہ کبھی یہ بات سامنے آجائے گی کہ اس معاملے میں بھی عمران خان ملوث تھا، ملک میں ایک شخص کھلے عام انتشار پھیلا رہا ہے، پرویز الٰہی پر پریشر ڈال کر اسمبلی تڑوائی گئی، اس نے 4 سال میں چوری ڈاکے کے علاوہ کچھ نہیں کیا،عمران خان نشے میں دھت ہوکر فیصلے کرتا ہے، یہ ہمیشہ سے بیساکھیوں پر تھا، جب سے بیساکھیاں گئی ہیں تب سے عقل ٹھکانے نہیں آرہی، ایک نشئی کے ہاتھ میں ملک کا اقتدار دے دیا تھا،جس دن بلڈ ٹسٹ ہو گا ثبوت سامنے آ جائیں گے، میں ہوا میں باتیں نہیں کر رہی، ریحام خان تو سب کچھ کتاب میں لکھ چکی ہے۔دوسری طرف فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں فیصل آباد کا بڑا حصہ ہے، میں اس شہر کو کمانے والا بیٹا کہتی ہوںاور نواز شریف کہتے تھے آپ کا جلسہ فیصلہ کن ہوتا ہے، آج اس شہر میں گھڑی چور کا نعرہ زور شور سے لگ رہا ہے، 2013 میں جب نوازشریف کو حکومت ملی تو اس وقت 20 ، 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی، گھروں کا پنکھا چلتا تھا اور نہ فیکٹریوں کا پہیہ، گیس نہیں آتی تھی، لیکن پھر دنیا نے دیکھا کہ نواز شریف نے کیسے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو زیرو لوڈشیڈنگ میں تبدیل کردیا، جب بھی نوازشریف کو اقتدار ملا ملک نے ترقی کی، اور جب جب نوازشریف نیچے گیا ملک بھی نیچے گیا، نوازشریف اور ملک کی ترقی جڑی ہوئی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کے ہاتھ عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے سے بندھے ہوئے ہیں، لیکن ان بندھے ہوئے ہاتھوں کے ساتھ بھی شہباز شریف نے رمضان پیکج دیا، اور رمضان میں پنجاب کو فری آٹا دینے کا اعلان کیا، کیا کسی نے گھڑی چور کی حکومت میں کبھی ایسا فیصلہ سنا؟ اس کی حکومت میں تو روزمہنگائی بڑھتی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں