نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور اور قرب و جوار میں دہشت گردی کے بڑے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور اور گرد و نواح میں دہشت گردی کے تھریٹ الرٹ ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)سربراہ عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر لاہورمیں انتخابی ریلی کے اعلان کے بعد پنجاب کی نگران حکومت نے ریلی روکنے کے لئے صوبائی دارالحکومت میں دوبارہ دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جبکہ لاہور میں کسی بھی ناخوشگوار خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے رینجرز کو فوری طلب کیا ہے،جس کے بعد پاک رینجرز کے چاق و چوبند دستے لاہور پہنچ گئے ہیں۔اس حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لاہور اور گرد و نواح میں دہشت گردی کے تھریٹ الرٹ ہیں،جب کہ شہر میں ریلی سے ناخوشگوار واقعہ ہوسکتا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے رینجرز کو ہنگامی طور پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے طلب کیا ہے جبکہ محکمہ داخلہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 144 لگائی ہے۔شہر میں رینجرز کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے،جس کے مطابق رینجرز آج سے 10 روز تک تعینات رہے گی۔ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے سخت تھرٹس ہیں، لاہور کے حساس مقامات پر آج رینجرز تعینات کر دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں