لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خزانہ میاں حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان باہر نکلنے کی بات کرتا ہے تویہ کرفیو لگادیتے ہیں،انہیں پتہ ہے عمران خان ضمانت کیلئے نکلتا ہے تو پورا پاکستان باہر نکل آتا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں حماد اظہر نے کہا کہ الیکشن کے کاغذات نامزدگی جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں 30 اپریل کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات ہورہے ہیں،پی ٹی آئی نے آج ریلی نکالنی ہے تو کہا جاتاہے پی ایس ایل ہے،پی ایس ایل میچ کاروٹ الگ اور ریلی کا الگ ہے جبکہ ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائرکردی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر لاہور میں حکومت نے کرفیو لگا رکھا ہے،جب بھی عمران خان باہرنکلنے کی بات کرتا ہے یہ کرفیولگا دیتے ہیں،ایک ننھی منی جماعت کی 18گاڑیوں کا جلوس گزارنے کی اجازت ہے،ہم ریلی نکالنے لگتے ہیں تو کرفیو لگا دیا جاتا ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ امریکی کانگرس رکن نے بھی پاکستان کی صورتحال پرنوٹس لیا ہے،عمران خان کی جدوجہد آئین و قانون کے تحت ہے،نگران حکومت کے ذریعے جمہوری نظام منجمد کیا جارہا ہے،انہیں پتہ ہے کہ عمران خان ضمانت کیلئے نکلتا ہے تو پورا پاکستان باہر نکل آتا ہے۔واضح رہے کہ امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج لاہور میں نکالی جانے والی ریلی کل تک موخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔