لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں،کارکنوں کے پتھراو سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل(ڈی آئی جی )اسلام آباد سمیت پولیس اہلکار اور سیکیورٹی فورسز کے لاٹھی چارج سے درجنوں پی ٹی آئی کارکن زخمی ہو گئے ہیں،ایسے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنوں اور پاکستانی عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کی جنگ میں ثابت قدم اور حقیقی آزادی کی جنگ میں غیر متزلزل رہیں۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کے ہمراہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لئے لاہور زمان پارک میں موجود ہے اور پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کر رہی ہے۔پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے تصادم میں ڈی آئی جی آپریشنز اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں،جب کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر ویڈیو پیغام میں کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی جنگ میں غیرمتزلزل رہیں اور قانون کی حکمرانی کی جنگ میں ثابت قدم رہیں،مجھے اللہ نے سب کچھ دے دیا ہے،میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں،آپ نے جدوجہد کرنی ہے،باہر نکلنا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے پہنچ گئی ہے،اگر یہ مجھے جیل میں ڈالتے ہیں یا ماردیتے ہیں تو آپ نے ثابت کر دینا ہے کہ عمران کے بغیر بھی قوم جدوجہد کرے گی،ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہ کرنا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Imran-khan-message-1200x480.jpg)