بہاولنگر(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن نے پنجاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 دن کا اضافہ کر دیا ہے تاہم چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے امیدوار اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کے خواہشمند بڑی تعداد میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں مصروف ہیں،بہاولنگر کے حلقہ پی پی238سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک ابرار الرحمن کھوکھر نے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں،اس موقع پر ان کے ہمراہ علاقے کی اہم شخصیات اور ورکروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
پاکستان ٹائم “ کے مطابق ملک ابرار الرحمن کھوکھرنے بہاولنگر کے حلقہ پی پی 238سے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر اہلیان حلقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ،لوگوں نے ملک ابرار الرحمن کھوکھر کو پھولوں کے ہار پہنائے اور کہا کہ ملک ابرار نے ہمیشہ اہل علاقہ کی خدمت کی ہے ،وہ ہر غمی خوشی میں لوگوں کے ساتھ ہوتے ہیں،بہاولنگر کی قسمت بدلنے کے لئے ملک ابرار جیسی بے لوث شخصیت کا منتخب ہونا انتہائی ضروری ہے،ملک ابرار الرحمن کھوکھر کو علاقہ کی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات اور دینی تنظیموں نے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ۔اس موقع پر کارکنوں اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ابرار الرحمن کھوکھر نے یقین دلایا کہ وہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پہلے سے بھی زیادہ تندہی کے ساتھ لوگوں کی خدمت کریں گے ،بہاولنگر کی پسماندگی میں ہمارے ان لوگوں کا ہاتھ ہے جو منتخب تو یہاں سے ہوتے تھے لیکن ان کے شام و سحر اپنے لوگوں اور حلقے کی بجائے اپنے عشرت کدوں میں گذرتے تھے ۔انہوں نے کاغذات نامزدگی کے موقع پر آنے والے تمام احباب اور اہل علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں خصوصی طور پر اپنے بھائی برادر ابوبکر شاد، پروفیسر ڈاکٹرعبدالرحمن شارق ، عبدالرحمن عمر ایڈووکیٹ ، شاکر بخاری ایڈووکیٹ اور بھرپور حمایت کا یقین دلانے والے تمام جملہ احباب کا مشکور ہوں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/malik-abrar-khokhar-PP-238-1200x480.jpg)