اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سابق سیکریٹری دفاع اورمعروف تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد نعیم لودھی نے تہلکہ خیز دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف ”لندن پلان“دوحصوں پر مشتمل ہے،لندن پلان کا پہلا حصہ تو کامیاب نہیں ہو سکا تاہم اب دوسرے حصے پر عملدرآمد کی کوشش ہو رہی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے معروف دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد نعیم لودھی کا کہنا تھا کہ میں نے مستند ذرائع سے سنا ہے کہ” لندن پلان“ دو حصوں پر مشتمل ہے، ایک حصہ تو یہ تھا کہ عمران خان کو حکومت سے بے دخل کرنے کے بعد نواز شریف واپس پاکستان آ جائیں گے اور عدالتوں سے انہیں ریلیف مل جائے گا، اس پلان کا پہلا حصہ تو کامیاب نہیں ہو سکا ہے کیونکہ عدلیہ نے یہ تسلیم ہی نہیں کیا کہ نواز شریف کو کلین چٹ دے دی جائے، اب لندن پلان کے دوسرے حصے پر عملدرآمد کی کوششیں ہو رہی ہیں اور عمران خان کی گرفتاری اور نااہلی اس دوسرے حصے کا اہم جزو ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد نعیم لودھی کے مطابق ان کے لیے اب اس موضوع پر بات کرنا اتنا آسان نہیں مگر وہ یہ ضرور سمجھتے ہیں کہ” لندن پلان“ ناکام ہو رہا ہے اور آخر میں وہی ہو گا جو پاکستان کے عوام کی منشا ہے، اس وقت خود پولیس کا دل بھی عمران خان کو گرفتار کرنے کا نہیں ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Lt-Gen-retd-Naeem-Khalid-1200x480.jpg)