اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس 17 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ جمعہ کو کیس کی سماعت کرے گا۔پانچ رکنی لارجر بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہربھی شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے مقتول صحافی کے اہل خانہ سمیت جے آئی ٹی ارکان، ایف آئی اے، آئی بی سربراہان کے علاوہ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری اطلاعات کو نوٹسز جاری کردیئے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سپریم کورٹ نے ارشد شریف از خود نوٹس کیس سماعت کے لئے مقرر کیا تھا جسے بینچ کی عدم دستیابی کے باعث رجسٹرار آفس نے ڈی لسٹ کردیا تھا۔یاد رہے کہ ارشد شریف قتل کیس کی سپیشل جے آئی ٹی نے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں پیشرفت رپورٹ سربمہر لفافے میں جمع کرائی تھی۔ذرائع کے مطابق سپیشل جے آئی ٹی نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ صحافی ارشد شریف قتل کی تحقیقات جاری ہیں تاہم کئی ملکی و غیرملکی گواہان کے بیانات قلمبند کیئے جارہے ہیں، جلد جے آئی ٹی دوبادہ کینیا اور لندن کا دورہ کرے گی۔سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو ہر 15 روز بعد پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/333251035_971856103977051_6368188759371632587_n-1200x480.jpg)