لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کے انتخابی اکھاڑے میں اترتے ہوئے چار حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ،ن لیگ کی مقامی قیادت اورورکروں نے مریم نواز کی انتخابی مہم چلانے کے لئے حکمت عملی ترتیب دینا شروع کردی ہے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے 4 حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں جن میںلاہور کے تین اور گوجرانوالہ کا ایک حلقہ شامل ہے۔مریم نواز شریف نے لاہور سے 3 حلقوں پی پی 158، پی پی 173 اور پی پی 149 جبکہ گوجرانوالہ سے پی پی 63 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں ،امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں ۔واضح رہے کہ پی پی 158 وہ حلقہ ہے جہاں سے 2018کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے عبد العلیم خان جیتے تھے تاہم جب وہ ڈی سیٹ ہوئے تو مسلم لیگ ن نے رانا احسن شرافت کو ضمنی الیکشن کے لئے میدان میں اتارا تھا ،تحریک انصاف کے نو آموز امیدوار میاں اکرم عثمان نے با آسانی ن لیگی امیدوار احسن شرافت کو شکست دے کر تجزیہ کاروںکو بھی حیران کردیا تھا ،اب عام انتخابات میں اس حلقے سے مریم نواز شریف نے ن لیگ کی جانب سے کاغذات جمع کرا دیئے ہیں ۔پی پی 173 کا حلقہ بلال یاسین والا حلقہ ہے جو موہنی روڈ وغیرہ پر مشتمل ہے، پی پی 173 والا حلقہ مریم نواز کی والدہ بیگم کلثوم نواز کا بھی آبائی حلقہ تھا۔پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے مریم نواز کی جانب سے حلقہ پی پی 173 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے گئے، مریم نواز کے کاغذاتِ نامزدگی ایڈووکیٹ محمد اسماعیل نے جمع کرائے۔ریٹرننگ افسر پی پی 173 نے مریم نواز کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے لئے 22 مارچ کو بلا لیا ہے۔مریم نواز کو 3 کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے دوپہر سوا دو بجے کا وقت دیا گیا ہے، اور ریٹرنگ افسر نے کہا ہے کہ مریم نواز الیکشن ایکٹ کے تحت حاضری کے لئے کسی کو نامزد بھی کرسکتی ہیں۔گزشتہ الیکشن میں پی پی 173 سے مسلم لیگ ن کے بلال یاسین منتخب ہوئے تھے۔مریم نواز نے لاہور کے جس تیسرے حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں وہ پی پی 149ہے ،یہ نیا نیا حلقہ ہے، پہلے اس کا نام پی پی 153 تھا اور اس حلقے سے خواجہ عمران نذیر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ پی پی 149 سے مریم نواز کے کاغذات لیاقت اعوان ایڈووکیٹ نے جمع کروائے۔مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 63 کے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کرائے گئے ہیں جو مقامی ایم این اے عثمان ابراہیم نے جمع کرائے، پی پی 63 سابق لیگی ایم پی اے چوہدری اقبال کا حلقہ ہے۔عثمان ابراہیم کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر عثمان سکندر نے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا، حلقے میں ن لیگ کے نظریاتی کارکن آباد ہیں اور ہمارا مضبوط حلقہ ہے، ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ مریم نواز یہاں سے الیکشن لڑیں گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/334245582_247245850971566_2130883617801056434_n-1200x480.jpg)