اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)زمان پارک میں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ سے پنجاب پولیس نے سیکیورٹی واپس بلا لی ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سینکڑوں کارکن چیئرمین پی ٹی آئی کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں ،ایسے میں پی ٹی آئی کارکنوں کے لئے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور پاکستان تحریک انصاف کے ریاستی صدر سردار تنویر الیاس خان اپنے بڑے قافلے کے ہمراہ وفاقی دارالحکومت سے لاہور کے لئے نکل پڑے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لئے آج شب لاہور پہنچیں گے،وہ زمان پارک لاہور میں عمران خان سے تفصیلی ملاقات کریں گے جبکہ بعد ازاں وہ لاہور میں سینئر صحافی اور ”پاکستان ٹائم“ کے ایڈیٹر انچیف خالد شہزاد فاروقی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کےلئے مولانا شوکت علی روڈ پر ان کے دفتر پہنچیں گے،وزیر اعظم سوشل میڈیا سٹار اور اینکر یاسر شامی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لئے بھی جائیں گے جبکہ لاہور میں ہی وہ ایک شادی کی تقریب میں بھی شریک ہو ں گے۔
لاہور آنے سے پہلے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے صادق سنجرانی کو گولڈن جوبلی پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر قربانیوں سے عبارت ہے،کشمیری عوام نے بھارت سے آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی اس جدوجہد میں پاکستانی عوام نے کشمیریوں کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور وہ ان کے شانہ بشانہ رہے ہیں،کشمیری بھی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ الحاق پاکستان ان کی جدوجہد کا منطقی انجام ہے اور وہ اس عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور اسکی تکمیل تک قربانیاں دیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر مظالم کی انتہا کر دی ہے مگر وہ ان کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکا ہے۔انہوں نے پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں کے حق میں قراداد پر چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر صادق سنجرانی نے کشمیری شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔