لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیتے ہوئے دوسری مرتبہ تاج اپنے سر پر سجا لیا،فائنل مقابلے میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 201 رنز کا ہدف دیا تھا،آخری گیند پر چار رنز درکار تھے تاہم ملتان سلطانز دو رنز سے میچ ہار گئی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے حریف ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔میچ کی خاص بات یہ بھی تھی کہ 24 ہزارشائقین کرکٹ نے میچ دیکھا۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور کپتان محمد رضوان نے کیا، دونوں نے ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف باولرز کو تگنی کا ناچ نچایا۔ملتان سلطانز کو پہلا نقصان چوتھے اوورز میں اٹھانا پڑا، جب عثمان خان 41 کے مجموعی سکور پر 12گیندوں پر 18 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔اس کے بعد روسو نے محمد رضوان کے ساتھ ملکر سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا،اس دوران دونوں کے درمیان 42 گیندوں پر 64 سکور کی پارٹنر شپ بنی، 10 ویں اوورز میں 105 کے مجموعی سکور پر روسو 32 گیندوں پر 52 رنز کی باری کھیل کر چلتے بنے،راشد خان نے وکٹ حاصل کی۔محمد رضوان کی اننگز کا خاتمہ راشد خان نے کیا،کپتان نے 23 گیندوں پر 34 رنز کی باری کھیلی۔کیرن پولارڈ کی اننگز 16 گیندوں پر 19 سکور پر ختم ہوئی،شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان نے کیچ تھاما۔ٹم ڈیوڈ کی باری 16 گیندوں پر 20 رنز پر ختم ہو گئی،شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں وکٹ آئی،انور علی ایک سکور پر کپتان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اس سے اگلی ہی گیند پر اسامہ بھی کریز چھوڑ گئے، کپتان لاہور قلندرز کی گیند پر حارث روف نے کیچ تھاما۔19 اوورز میں عباس آفریدی نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور حارث روف کو ایک اوورز میں 21 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔عباس آفریدی نے 6 گیندوں پر 17 رنز بنائے تاہم آخری اوورز میں زمان خان نے اعصاب شکن میچ میں ایک سکور سے ملتان سلطانز کو پچھاڑ دیا،ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 199 رنز بنائے۔شاہین شاہ آفریدی نے چار شکار کیے،راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور مرزا طاہربیگ نے کیا، دونوں نے ابتداءسے ہی جارحانہ انداز میں کھیلنا شروع کیا۔ مرزا طاہر بیگ کی اننگز کا خاتمہ احسان اللہ نے کیا،بیٹر نے 18 گیندوں پر 5 چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ 30 سکور کی باری کھیلی۔اس دوران فخر زمان نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی اور چند بڑے شارٹس کھیلے تاہم اوپنر اسامہ میر کی گیند پر عثمان خان کو کیچ دے بیٹھے،آوٹ ہونے سے قبل انہوں نے 34 گیندوں پر 39 سکور کی باری کھیلی تھی۔اسامہ میر نے اس سے اگلے اوور میں لاہور قلندرز کے دو کھلاڑیوں احسن حفیظ اور سیم بلنگز کو چلتا کیا،دونوں نے بالترتیب 0 اور 9 رنز بنا کر واپس گئے۔14 ویں اوورز میں سکندر رضا 1 سکور پر خوشدل شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اسی دوران عبد اللہ شفیق نے جارحانہ بیٹنگ کی لاہور قلندرز کو مشکل وقت سے نکالا،ان کی باری کا اختتام انور علی نے کیا،بیٹر نے 40 گیندوں پر 65 سکور بنائے،اس باری میں انہوں نے 8 چوکے اور دو چھکے لگائے۔اسی دوران لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے حریف باولرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا،انہوں نے محض 15 گیندوں پر 44 رنز کی طوفانی باری کھیلی،اس اننگز میں انہوں نے 5 چھکے اور دو چوکے بھی لگائے۔لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے،اسامہ میر نے تین جبکہ خوشدل شاہ،احسان اللہ اور انور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔