لاہور(سٹاف رپورٹر)سابق صدر پاکستان جنرل محمد ضیاء الحق مرحوم کے صاحبزادے اور پاکستان مسلم لیگ(ضیا) کے سربراہ اعجاز الحق بھی”کپتان“ کے ”کھلاڑی“بن گئے،سابق وفاقی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)میں باضابطہ شمولیت اختیار کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے زمان پارک لاہور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا با ضابطہ اعلان کر دیا ہے ۔ اعجاز الحق نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منشور کی حمایت کا بھی اعلان کیا ۔انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جنگ میں عمران خان کا ساتھ دینے کے لئے تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں۔اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے عمران خان کے ساتھ رابطے میں تھا،عمران خان کے ساتھ بلے کے نشان پر انتخاب لڑوں گا۔اعجاز الحق نے کہا حکومت کو کہتا ہوں کہ مسائل کا حل بات چیت میں ہے،اگر یہ خود نہیں بیٹھ سکتے تو کوئی اور ان کو بٹھا سکتا ہے،عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔اعجاز الحق نے کہا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے وہ الیکشن کے معاملے پر کسی سے بھی بات کرنے کیلئے تیار ہیں،عمران خان نے کہا ہے کہ آئیں اور الیکشن کے طریقہ کار پر بات چیت کریں۔اعجاز الحق نے شہباز حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت ہے،معاملات ٹھیک کر لیں ورنہ کچھ نہیں ملے گا،چھوٹے چھوٹے بچے ہیں،یہ نہ ہو ترازو کے پلڑوں کو برابر کرتے کرتے ترازو ہی ٹوٹ جائے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/Ijaz-ul-Haq-join-PTI-1200x480.jpg)