آڈیو لیک کا سلسلہ جاری،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک اور ٹیلی فون کال وائرل

لاہور(وقائع نگار خصوصی)ملک میں سیاسی تلخی اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کی فضا کافی تلخ ہو چکی ہے ،آڈیو لیک کا سلسلہ بھی جاری ہے ،ایسے میں سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اور مریم نواز شریف کی تنقید کا نشانہ بننے والے میاں ثاقب نثار کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آگئی۔یہ گفتگو وکیل خواجہ طارق رحیم کے ساتھ کی گئی جو کہ پنجابی میں تھی،سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو میں خواجہ طارق رحیم سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو فون کرتے اور کہتے ہیں کہ سر اس کا کوئی اچھی طرح کرارا جواب دیں۔یہ خاتون (ممکنہ طور پر مریم نواز) آپ کے خلاف باتیں کرتی ہے،اس کو کہیں باہر اچھا سبق سکھائیں۔جس پر ثاقب نثار ان سے استفسار کرتے ہیں کہ کون سر؟خواجہ طارق رحیم مریم نواز کا نام لیے بغیر کہتے ہیں کہ وہی خاتون جو بولتی ہے۔جسٹس(ر)ثاقب نثار نے ان کو جواب دیا کہ سر میں سوچ رہا تھا کہ چھوٹی موٹی بات میں اگر کر دیتا لیکن پھر مجھے بڑے تارڑ صاحب کی بات یاد آگئی،وہ کہتے تھے کہ میاں جب کتے بھونکتے ہیں تو ان سے دور کھڑے رہنا چاہیے۔اس پر خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ آپ کی یہ بات بھی ٹھیک ہے،آپ نے اے آر وائے پر اچھا جواب دے دیا ہے۔سابق چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ایک دوسری بات یہ ہے کہ الحمد اللہ مجھ میں ابھی بھی بہادری ہے کہ میں برداشت کر سکتا ہوں،میں نے جا کر تذبذب یا ڈپریشن کا شکار نہیں ہونا،جب ضرورت ہوگی ہم آپ کو بتا دیں گے کہ کچھ دھماکہ کر دیں، مجھے پتا ہے آپ نے کر بھی دینا ہے۔اس پر خواجہ طارق رحیم نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ آپ بس مجھے بتا دینا، جب بھی آپ چاہیں،آپ جیسے کہیں گے ویسا ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے دعویٰ کیا تھا کہ میرا واٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے جو تا حال ریکور نہیں کیا جاسکا،خدشہ ہے کہ میرے موبائل ڈیٹا کو کسی خاص مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے،میرا وٹس اپ ہیک کرنے والوں کو شرمندگی ہی ہوگی،اس سے قبل بھی میری مختلف ویڈیوز کو جوڑ کر ایک آڈیو بنائی گئی تھی،کسی کی نجی زندگی میں مداخلت چوری کے زمرے میں آتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں