”پی ڈی ایم کی پوری کوشش ہے کہ پاک فوج اور تحریک انصاف کو لڑایا جائے “

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کی پوری کوشش ہے کہ پاک فوج اور تحریک انصاف کو آپس میں لڑا دیا جائے،میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے،پاک فوج بھی میری ہے اور یہ ملک بھی میرا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اور فوج کو آمنا سامنا کرانے کی کوشش کی جارہی ہے،پی ڈی ایم کی پوری کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج کو لڑوا دیا جائے،یہ لوگ الیکشن تو جیت نہیں سکتے تو چاہتے ہیں پی ٹی آئی کو ختم کردیں اور یہ ممکن نہیں تو انہیں کچھ تو کرنا ہے،یہ چاہتے ہیں فوج سے انہیں لڑادو اور فوج کو تحریک انصاف کے خلاف کردو۔عمران خان نے واضح کیا کہ فوج بھی میری ہے اور ملک بھی میرا ہے، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے مجھے اس ملک سے بوریا بستر لے کر باہر نہیں بھاگنا مجھے یہیں مرنا ہے،میں جلد بتاوں گا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں انہیں قتل کرنے کی سازش کیسے ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے کیسے بچایا؟جلد ہی بے نقاب کروں گا کہ میں موت کے جال میں کیسے پھنس گیا اور جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کی سازش کیسے ہوئی؟یہ بھی بتاوں گا کس طرح اللہ تعالیٰ نے مجھے وقت آنے پر بچایا؟۔انہوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ محسن نقوی گھٹیا آدمی ہے،اس کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟یہ آج ارب پتی بن چکا ہے، یہ لوگ الیکشن کروانے نہیں آئے،جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کے گھر رات 3 بجے چھاپا مارا گیا،جمشید اقبال چیمہ کے گھر سے پولیس نے چوری کی،ان لوگوں کی وجہ سے پولیس بھی بدنام ہو رہی ہے،حسان نیازی کو ضمانت منظور ہونے کے بعد اٹھا لیا گیا اور علی امین پر چیک پوسٹ پر گولیاں چلائی گئیں،یہ لوگ کوشش کر رہے ہیں مینار پاکستان پر جلسہ نہ ہو،جلسہ ہوا تو پتا لگ جائے گا قوم کہاں کھڑی ہے؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں