وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادیوں کا اجلاس،مشاورت اور فیصلوں بارے بڑی خبر آ گئی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)میں شامل اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اتحادیوں کے اجلاس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، شاہد خاقان عباسی، خواجہ محمد آصف، چوہدری سالک حسین سمیت خالد مگسی، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق بھی شریک ہوئے۔ پی ایم ہاوس میں تقریباً ڈھائی گھنٹہ جاری رہنے والے اجلاس میں سیاسی صورتحال اور انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ملکی امن و امان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والی بڑی اتحادی بیٹھک میں پاک فوج،آرمی چیف کیخلاف جاری گھٹیا مہم کا حصہ بننے والوں کےخلاف کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے آئین و قانون کے مطابق اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔شرکاءنے تحریک انصاف کے پولیس پر حملوں اور پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شر پسندوں کیخلاف قوم متحد اور اپنے اداروں کےساتھ کھڑی ہے۔اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو لیک اورپی ٹی آئی کی سیاست پر تشویش جبکہ مریم نواز سے متعلق سابق وزیراعظم کی گفتگو کو گھٹیا پن قراردیا گیا۔شرکاءنے کہا عمران خان عدالتوں سے فراراختیار کرنے کے لئے بہانے بناتا ہے ، عمران خان کا طرزعمل ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے ،اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پی ٹی آئی کی سوچی سمجھی سازش ہے۔حکومت کے اتحادی رہنماوں نے اجلاس کے دوران عدالتوں کے طرز عمل پر بھی سوالات اٹھا دیئے، شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام کو مل کر مشکلات سے نکالیں گے۔ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی بات کی گئی ، وزیر اعظم شہباز شریف نے معاشی مسائل سے نکلنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ملک افراتفری اورانتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، غریب طبقے کو سہولہات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس کا با ضابطہ اعلامیہ کچھ دیر بعد جاری ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں