لاہور ( سٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا کہ حکومتی بدانتظامی نے عوام کو ذلیل خوار کرکے رکھ دیا ہے،مفت آٹے کے حصول کے لیے عوام کو لائنوں میں کھڑا کر کے کا تشدد کا نشانہ بنوایا جا رہا ہے،جس میں سینکڑوں افراد زخمی اور 2 سے 3 اموات واقع ہوچکی ہیں،حکمران اپنی پالیسیوں پر غور کریں اور پاکستانی عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح دھکیلنا بند کریں،حکومتی اشرافیہ نے عوام کو 5 ارب کی مفت آٹا سکیم دے کر عوام پر 10 ارب کا اضافی بوجھ ڈال دیا ہے، 648 روپے والا 10 کلو آٹے کے تھیلا 510 روپے مہنگا کر کے 1158 روپے کر دیا گیا،اس سے بڑا عوام کا معاشی قتل اور کیا ہوگا کہ غریب سے ایک وقت کا نوالہ بھی چھین لیا گیا ہے،جو کسی صورت برداشت نہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق لاہور میں موجود پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے اجلاس میں مرکزی کابینہ اور امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو نے کہا کہ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ مفت آٹے کے حصول کے لیے انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر کیا جائے تاکہ عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے،ہم پورے پاکستان میں یونین کونسل لیول پر سستی روٹی تندور لگا کر عوام کو 10 روپے کی روٹی فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں روٹی 20 سے 25 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔خالد مسعود سندھو نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام کراچی اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر سستے بازار لگا کر عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،جہاں پر کسی کی عزت کو مجروح نہیں بلکہ اس پارٹی کے کارکن خوش دلی سے عوام کے لیے اپنی فلاحی خدمات سر انجام دے رہے ہیں کیونکہ قوم کی خدمت مرکزی مسلم لیگ کا مشن ہے اور اس مقصد کے لیے لوگوں کی نبض پر ہاتھ رکھنے اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونے والے امیدواران کو ہم نے میدان میں اتارا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/PMML-susti-roti-sakeem-1200x480.jpg)