لاہور(وقائع نگار خصوصی)وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے )نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی،ان کی اہلیہ اور مونس الٰہی کی اہلیہ کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پرویز الٰہی کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے نے عدالتی حکم کے مطابق راسخ الٰہی اور ان کی بیوی زہرہ الٰہی کو شو کاز نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، عدالت نے راسخ الٰہی اور ان کی اہلیہ زہرہ الٰہی کی اربوں روپے مالیت کی پراپرٹی اور بینک اکاونٹس فریز کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ ایف آئی اے نے مونس الٰہی کی بیوی تحریم الٰہی کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے ،عدالت کی جانب سے ان کے بھی بینک اکاونٹس فریز کرنے کے آرڈر جاری کئے گئے تھے۔مقدمے میں دیگر شریک ملزمان کو بھی شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جس میں پراپرٹیز کی منی ٹریل اور ثبوت مانگے گئے ہیں اور تمام شریک ملزمان کو جلد از جلد جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کو شوکاز نوٹسز اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ ملزمان کی تقریبا 10 ارب روپے مالیت کی 17420 کینال اراضی عدالتی حکم کے مطابق فریز کی جا چکی ہے اور 22 بینک اکاو¿نٹس بھی عدالتی حکم کے مطابق فریز کیے جا چکے ہیں، ان تمام بنک اکاونٹس میں تقریبا ساڑھے 3 ارب روپے بھیجے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق کرپشن کا پیسہ مختلف بے نامی بنک اکاونٹس اور بے نامی کمپنیوں کے ذریعے لانڈر کیا گیا، اور گزشتہ دور حکومت میں چوہدری فیملی نے اپنے مختلف فرنٹ مین کے ذریعے اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/03/FIA-issues-notices-to-Rasikh-Elahi-and-wife-in-money-laundering-case-1200x480.jpg)