جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس،پی ٹی آئی کے کتنے کارکن گرفتار کیے گئے؟حیران کن اعدادوشمار سامنے آ گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر 18 مارچ کو مبینہ طور پر توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملہ کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 316 کارکنوں کا گرفتار کرلیا گیا ہے۔

”پاکستان ٹائم “کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسلام آباد پولیس نے کہا کہ پی ٹی آئی مظاہرین کی اشتعال انگیزی، جلاو گھیراو، توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملوں پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے مختلف کارروائیاں کیں،بیان میں کہا گیا کہ ’اب تک 316 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں اور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے بتایا کہ ’پرتشدد واقعات میں گرفتار افراد کی اطلاع دیگر اضلاع کو بھی دی جارہی ہے تاکہ دیگر اضلاع میں مطلوب افراد ان کے حوالے کیے جا سکیں‘،پولیس نے کہا کہ ’پرتشدد کارروائیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی اطلاع ان کے متعلقہ محکموں کو بھیجی جارہی تاکہ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’تمام ملزمان کا سابقہ پولیس ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا، سوشل میڈیا پر متحرک سرکاری ملازمین جو اشتعال انگیز کارروائیوں میں شامل تھے، ان کی نشان دہی بھی کی جا رہی ہے تاکہ محکمانہ کارروائی ہو سکے‘۔
جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والی کشیدگی کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ’دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین کے بارے میں معلومات متعلقہ اداروں کو بھیجی جائیں گی‘۔
نقصانات کے حوالے سے کہا گیا کہ ’پرتشدد جلاو گھیراومیں 58 پولیس افسران زخمی ہوئے، 12 گاڑیوں سمیت 20 موٹر سائیکلیں اور ایک پولیس چوکی نذر آتش کر دی گئی۔
یاد رہے کہ 18 مارچ کو عمران خان توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیشی کے لیے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچے تو اسلام آباد پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہی تھیں، اس دوران دوران پولیس اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے ایک دوسرے کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی نے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے پیٹرول بموں کے ساتھ ساتھ پولیس پر پتھراوبھی کیا۔
بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کشیدگی پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور دیگر کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت سی ٹی ڈی پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں