اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ آئینی ،پارلیمانی بالادستی میں کوئی دباو قبول نہیں کریں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق وزیراعظم ہاوس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی جبکہ اس دوران مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کو اتحادیوں کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں عدالتی اصلاحات کے حوالے سے ہونے والی حالیہ قانون سازی پر وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ آئینی، پارلیمانی بالادستی میں کوئی دباو قبول نہیں کریں گے۔
