لاہور (سپورٹس رپورٹر)مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر پہلی رمضان سپورٹس سیریز 7اپریل سے شروع ہورہی ہے جو 11اپریل تک جاری رہے گی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ رمضان سپورٹس سیریز میں 6کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جن میں ہاکی، فٹ بال، کرکٹ ٹیپ بال،کبڈی، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن شامل ہیں جبکہ تمام مقابلے رات کو ہوں گے،وہاب ریاض نے کہا کہ رمضان سپورٹس سیریز کے انعقاد کا مقصد نگران وزیراعلی کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے لئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، گراﺅنڈ کھلاڑیوں سے آباد ہوں گے تو نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا،سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے مزید ایونٹس کرائیں گے،انہوں نے کہا کہ سپورٹس سیریز میں پنجاب کے تما م ڈویژنز سے 768مرد و خواتین کھلاڑی اور 135آفیشلز حصہ لیں گے، سیریز میں ہاکی ٹورنامنٹ 8اے سائیڈ ہوگا، 20، 20منٹ کے دو ہاف ہوں گے اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہوگیا تو اس کی جگہ دوسرا کھلاڑی نہیں آئے گا،ان کا کہنا تھا کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کے ماتھے کا جھومر ہے، پنجاب کے نوجوانوں میں کبڈی بہت مقبول ہے، سپورٹس سیریز میں کبڈی کا بڑا ٹاکرا رکھا ہے جس میں پنجاب بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے، کبڈی کی فاتح ٹیم کو 10لاکھ اور رنر اپ کو 5لاکھ روپے کے نقد انعامات دیں گے،مشیر کھیل نے کہاکہ فٹ بال کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ روپے، رنر اپ کو 3 لاکھ اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 2لاکھ رو پے، کرکٹ ٹیپ بال کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ ، رنر اپ کو 50 ہزار اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 25 ہزار روپے دیں گے۔
