اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک آدمی کو دوبارہ لانے کیلئے سہولت کاری کی جا رہی ہے،کیا گارنٹی ہے کہ سب لوگ اس فیصلے سے ہونے والے الیکشن کو مانیں گے؟آئین و قانون کے خلاف جاری کھلواڑ پر خاموش نہیں رہیں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا پاکستان کی عدالتی تاریخ حادثات اور ناانصافیوں سے بھری پڑی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، یوسف رضا گیلانی کو غیرقانونی اور غیر آئینی طور پر نااہل کیا گیا، عدالت نے نواز شریف کو بھی نااہل کیا،مقبول سیاسی جماعت کو مارشل لا یا عدالتی جبر کے ذریعے ٹارگٹ کیا جاتا ہے، نوازشریف نے لانگ مارچ کیا تو انہیں تھریٹ الرٹ ملے، ہم جیلوں سے واپس آکر روتے تھے، نہ چیخیں مارتے تھے۔انہوں نے کہا عمران خان کو کسی عدالت نے نہیں بلایا تو پھر وفاق میں آکر تماشہ کیوں کیا؟ عمران خان نے اسلام آباد میں ہنگامہ کیا، املاک کو نقصان پہنچایا، نظریہ ضرورت کی بد روح آج بھی جمہوریت پسندوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے، عمران خان کو آئین کے تحت عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا،ہم نے ریاست بچانے کیلئے عمران خان کی پھیلائی تباہی کا بوجھ اپنے سرلیا، ایک آدمی کو دوبارہ لانے کیلئے سہولت کاری کی جا رہی ہے، کوئی سیاسی رہنما اور کارکن اس ناانصافی پر خاموش نہیں رہے گا۔خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے مقدمات میں خاص ججز کو بینچز میں شامل کیا جاتا ہے، مقدمات میں دوہرا معیار نہیں چلے گا، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں، آئین و قانون کیخلاف جاری کھلواڑ پر خاموش نہیں رہیں گے، پنجاب میں الیکشن کی بڑی جلدی ہے کہ کسی طرح یہ دوبارہ واپس آجائے۔ انہوں نے استفسار کیاپنجاب اور کے پی میں الیکشن کروا کر کیا وفاق پر اثر نہیں پڑے گا ؟ اس سے مردم شماری میں لاکھوں نئے ووٹرز کو حق نہیں ملے گا۔
