اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے ، مزید بگڑے برداشت نہیں کرسکتے،الیکشن کی طرف جانے دیں پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے کیساتھ کھڑی ہے،مریم نواز اس وقت چاہتی ہے کہ شہباز شریف نا اہل ہوں،مریم نواز کی خواہش ہے کہ چاچا سے جان کیسے چھوٹے؟سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے عوام کی فتح ہے،اگر ووٹ کا حق نہیں ہو گا تو ہمارا ریاست سے رشتہ برقرار نہیں رہے گا،یہ آئین کی بنیاد ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس اور ساتھی جج صاحبان نے جس شدید دباو¿ کے باوجود آئین اور قانون کی سربلندی کے لئے یہ فیصلہ دیا،پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے،پوری امید ہے کہ شہباز شریف فیصلے پر عملدرآمد کرائیں گے ، آئین میں لکھا ہے کہ 90دن میں الیکشن ہونے ہیں حکومت الیکشن سے بھاگنے کی طریقے ڈھونڈ رہی ہے ، ملک میں ایک حالت میں الیکشن نہیں کرسکتے جب مارشل لا ہو ، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق حاصل ہے ، آپ ہمارے ساتھ بیٹھیںح اور قومی الیکشن کی بات کریں۔ انہوں نے مریم نواز کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا جب کسی عسکری ادارے کے خلاف اس طرح کی زبان نشر نہیں کر سکتا تو پھر سپریم کورٹ کے جج صاحبان اور ان کے اقدامات پر ایسی بکواس کی اجازت کیسے ہے؟ کیا یہاں انصاف کا ترازو برابر نہیں ہونا چاہئے؟حکومت ملک کو مزید بحران میں دھکیلنے کی بجائے الیکشن کے فیصلے کو کھلے دل سے قبول کرے ، ہم الیکشن کے فریم ورک پر بات کرنے لئے ہر وقت تیار ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 4 اپریل جس دن ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کا دن ہے، اس دن ان کا نواسہ پاکستان کو آئین دینے والے اپنے نانا کی بجائے پاکستان کے آئین کو توڑنے کی دھمکیاں دینے والوں کیساتھ کھڑا ہے اور کہہ رہا ہے ملک میں ایمرجنسی یا مارشل لاءلگ سکتا ہے۔
