لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کی خوبرو اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ’Multiple sclerosis‘ کی بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
‘پاکستان ٹائم’ کے مطابق ایمان علی نے نجی ٹی وی شو میں اپنی بیماری کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس میں وہ بینائی سے محروم ہوجاتی ہیں اور ان سے چلا پھرا بھی نہیں جاتا۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ ’Multiple sclerosis‘ میں مبتلا ہیں جس کے ساتھ ہی زندگی گزارنے کی عادت ڈالنی پڑتی ہے وہ اکثر چیزوں کے نام بھول جاتی ہیں۔ ایمان نے بتایا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے ان کے ہاتھ کام نہیں کر رہے بلکل سُن ہوگئے ہیں جبکہ انہیں بولنے میں بھی دشواری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے اب تو انٹرویو دینا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ایمان علی نے واضح کیا کہ یہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں آپ چیزوں کے نام تک بھول جاتے ہیں ’جیسے مجھے اکثر امی سے پوچھنا پڑتا ہے کہ جس پر ہم کھانا کھاتے ہیں اسے کیا کہتے ہیں یعنی ٹیبل کا نام بھول جاتی ہوں۔‘ ایمان کا کہنا تھا کہ وہ اس بیماری کو ایک چیلنج کی طرح لے رہی ہیں اور اسے دماغ پر سوار نہیں کر رہیں کئی بیماریاں ہوتی ہیں جو نظر نہیں آتیں’۔ ان کا کہنا تھا وہ اپنی اس بیماری کی طرف زیادہ توجہ نہیں دیتیں اور لوگوں سے ہنسی مزاق کرتی رہتی ہیں۔ واضح رہے کہ ’Multiple sclerosis‘ ایک ایسی بیماری ہے جو بظاہر تو نظر نہیں آتی تاہم اس بیماری میں ریڑھ کی ہڈی اور دماغ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے بولنے چلنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے جبکہ اس سے بینائی اور یادداشت بھی متاثر ہوتی ہے۔