لاہور(کامرس رپورٹر)ملک بھر میں ماہ صیام کے دوران مہنگائی نے تمام حدود و قیود کو پھلانگ لیا ہے ،آٹا،گھی،دالیں سبزیاں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ ملک بھر میں چینی اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ منہ کا ذائقہ ہی بد مزہ ہو جائے،دوسری طرف حکمران طبقہ اور سیاسی جماعتیں ہیں کہ انہیں عوامی مسائل کی جانب دیکھنے کی فرصت ہی نہیں ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کی وجہ پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 30 سے 35 روپےاضافہ ہوگیا۔مری،فیصل آباد اورجھنگ میں قیمت 140 روپے فی کلو تک جاپہنچی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 135،گجرات میں 125 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ راولپنڈی میں چینی 120 ،لاہور 110 ،فیصل آباد 140،ملتان 110،گوجرانوالہ 120 ،گجرات 125 ،سیالکوٹ 120،سرگودھا 118 ،ٹوبہ ٹیک سنگھ 135،بہاولپور 120،ساہیوال 120 ،بھکرمیں 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔اس طرح منڈی بہاﺅ الدین میں چینی 130 ،فیروزوالا 130، جہلم 130 ،شیخوپورہ 125،اوکاڑہ 120،چکوال 110،ڈیرہ غازی خان 110اور رحیم یار خان 115روپے میں فی کلو بک رہی ہے۔دوسری جانب مہنگائی کی چکی میں پسی پنجاب کی عوام چینی کی قیمت میں ہوشرباءاضافے پرشدید پریشانی میںمبتلا ہوگئی ہے۔
